Ghous Azam Naat Lyric in Urdu

 اللہ برائے غوثِ اعظم
دے مجھ کو وِلائے غوثِ اعظم

دیدارِ خدا تجھے مبارک
اے محو لقائے غوثِ اعظم

وہ کون کریم صاحبِ جود
میں کون گدائے غوثِ اعظم

سوکھی ہوئی کھیتیاں ہری کر
اے اَبر سخائے غوثِ اعظم

اُمیدیں نصیب مشکلیں حل
قربانِ عطائے غوثِ اعظم

کیا تیزیٔ مہر حشر سے خوف
ہیں زیر لوائے غوثِ اعظم

وہ اَور ہیں جن کو کہئے محتاج
ہم تو ہیں گدائے غوثِ اعظم

ہیں جانبِ نالۂ غریباں
گوشِ شنوائے غوثِ اعظم

کیوں ہم کو ستائے نارِ دوزخ
کیوں رَد ہو دُعائے غوثِ اعظم

بیگانے بھی ہو گئے یگانے
دل کش ہے اَدائے غوثِ اعظم

آنکھوں میں ہے نور کی تجلی
پھیلی ہے ضیائے غوثِ اعظم

جو دَم میں غنی کرے گدا کو
وہ کیا ہے عطائے غوثِ اعظم

کیوں حشر کے دن ہو فاش پردہ
ہیں زیر قبائے غوثِ اعظم

آئینۂ رُوئے خوبرویاں
نقش کف پائے غوثِ اعظم

اے دل نہ ڈر ان بلاؤں سے اب
وہ آئی صدائے غوثِ اعظم

اے غم جو ستائے اَب تو جانوں
لے دیکھ وہ آئے غوثِ اعظم

تارِ نفسِ ملائکہ ہے
ہر تارِ قبائے غوثِ اعظم

سب کھول دے عقدہائے مشکل
اے ناخن پائے غوثِ اعظم

کیا اُن کی ثنا لکھوں حسنؔ میں
جاں باد فدائے غوثِ اعظم



313+ Naat Lyrics in English & Urdu
 پروردگار عالم کے فضل ، کرم اور مہربانی سے ، انسانی طاقت اور بساط کے مطابق  احتیاط کی گئی ہے بشری تقاضے سے اگر کوئی غلطی نظر آئے یا لفظ درست نہ ہوں تو از راہ کرم مطلع فرما دیں۔ ان شاء اللہ عزوجل جلد از جلد میں ٹھیک کر دوں گا۔
 نشاندہی کےلیے ہم آپ کے بے حد مشکور ہوں گے ۔ آپ کا بہت شکریہ
tajservices99@gmail.com


More Naat Lyrics: