Na Aasman ko Yun sarkashida hona tha Lyrics in Urdu

Naat Lyrics ll na Aasman ko Yun sarkashida hona tha  Lyrics in Urdu


 نہ آسمان کو یوں سرکَشیدہ ہونا تھا
حضورِ خاکِ مَدینہ خمیدہ ہونا تھا

اگر گلوں کو خزاں نارسیدہ ہونا تھا
کنارِ خارِ مَدینہ دَمیدہ ہونا تھا

حضور اُن کے خلافِ اَدب تھی بیتابی
مِری امید! تجھے آرمیدہ ہونا تھا

نظارہ خاکِ مَدینہ کا اور تیری آنکھ
نہ اسقدر بھی قمر شوخ دِیدہ ہونا تھا

کنارِ خاکِ مدینہ میں راحتیں ملتیں
دلِ حزیں ! تجھے اَشک چکیدہ ہونا تھا

پناہِ دامنِ دَشتِ حرم میں چین آتا
نہ صبر دل کو غزالِ رَمیدہ ہونا تھا

یہ کیسے کھلتا کہ انکے سِوا شفیع نہیں
عَبَث نہ اَوروں کے آگے تپیدہ ہونا تھا

ہلال کیسے نہ بنتا کہ ماہِ کامل کو
سلامِ اَبروئے شَہ میں خمیدہ ہونا تھا

لَاَمْلَئَنَّ جَہَنَّم تھا وَعْدئہ اَزَلی
نہ مُنکروں کا عَبَث بدعقیدہ ہونا تھا

نسیم کیوں نہ شمیم ان کی طیبہ سے لاتی
کہ صبحِ گل کو گریباں دَریدہ ہونا تھا

ٹپکتا رنگِ جنوں عشقِ شہ میں ہر گل سے
رگِ بَہار کو نشتر رَسیدہ ہونا تھا

بجا تھا عرش پہ خاکِ مزارِ پاک کو ناز
کہ تجھ سا عرش نشیں آفریدہ ہونا تھا

گزرتے جان سے اک شور ’’یاحبیب‘‘ کے ساتھ
فُغاں کو نالۂ حلق بُریدہ ہونا تھا

مِرے کریم گنہ زہر ہے مگر آخر
کوئی تو شہدِ شفاعت چشیدہ ہونا تھا

جو سنگِ دَر پہ جبیں سائیوں میں تھا مِٹنا
تو میری جان شرارِ جہیدہ ہونا تھا

تِری قبا کے نہ کیوں نیچے نیچے دامن ہوں
کہ خاکساروں سے یاں کب کشیدہ ہونا تھا

رضاؔ جو دل کو بنانا تھا جلوہ گاہِ حبیب
تو پیارے قید خودی سے رہیدہ ہونا تھا





313+ Naat Lyrics in English & Urdu
 پروردگار عالم کے فضل ، کرم اور مہربانی سے ، انسانی طاقت اور بساط کے مطابق  احتیاط کی گئی ہے بشری تقاضے سے اگر کوئی غلطی نظر آئے یا لفظ درست نہ ہوں تو از راہ کرم مطلع فرما دیں۔ ان شاء اللہ عزوجل جلد از جلد میں ٹھیک کر دوں گا۔
 نشاندہی کےلیے ہم آپ کے بے حد مشکور ہوں گے ۔ آپ کا بہت شکریہ
tajservices99@gmail.com


More Naat Lyrics: