Yaad-e-Watan Sitam Kiya Naat Lyrics in Urdu

Naat Lyrics ll Hadaiq e Bakhshish  Naat Yaad-e-Watan Sitam Kiya Lyrics in Urdu

 یادِ وطن سِتم کیا دشتِ حرم سے لائی کیوں
بیٹھے بِٹھائے بدنصیب سر پہ بلا اُٹھائی کیوں

دِل میں تو چوٹ تھی دبی ہائے غضب اُبھر گئی
پُوچھو تو آہِ سرد سے ٹھنڈی ہوا چلائی کیوں

چھوڑ کے اُس حرم کو آپ بن میں ٹھگوں کے آبسو
پھر کہو سر پہ دھر کے ہاتھ لُٹ گئی سب کمائی کیوں

باغِ عرب کا سروِ ناز دیکھ لیا ہے ورنہ آج
قُمریِ جانِ غمزدہ گُونج کے چہچہَائی کیوں

نامِ مدینہ لے دِیا چلنے لگی نسیمِ خلد
سوزشِ غم کو ہم نے بھی کیسی ہوا بتائی کیوں

کِس کی نگاہ کی حیَا پِھرتی ہے میری آنکھ میں
نرگِسِ مَست ناز نے مجھ سے نظر چُرائی کیوں

تُو نے تو کر دِیا طبیب آتشِ سینہ کا علاج
آج کے دودِ آہ میں بُوئے کباب آئی کیوں

فکرِ معاش بد بَلا ہولِ معاد جاں گزا
لاکھوں بلا میں پھنسنے کو رُوح بدن میں آئی کیوں

ہو نہ ہو آج کچھ مِرا ذِکر حضور میں ہوا
ورنہ مِری طرف خوشی دیکھ کے مسکرائی کیوں

حورِ جِناں سِتم کیا طیبَہ نظر میں پِھر گیا
چھیڑ کے پَردۂ حجَاز دیس کی چیز گائی کیوں

غفلتِ شیخ و شاب پر ہنستے ہیں طفل شیر خوار
کرنے کو گد گدی عبث آنے لگی بَہائی کیوں

عرض کروں حضور سے دِل کی تو میرے خیر ہے
پِیٹتی سر کو آرزو دشتِ حَرم سے آئی کیوں

حسرتِ نو کا سانحہ سُنتے ہی دِل بگڑ گیا
ایسے مریض کو رضاؔ مرگِ جواں سنائی کیوں






313+ Naat Lyrics in English & Urdu
 پروردگار عالم کے فضل ، کرم اور مہربانی سے ، انسانی طاقت اور بساط کے مطابق  احتیاط کی گئی ہے بشری تقاضے سے اگر کوئی غلطی نظر آئے یا لفظ درست نہ ہوں تو از راہ کرم مطلع فرما دیں۔ ان شاء اللہ عزوجل جلد از جلد میں ٹھیک کر دوں گا۔
 نشاندہی کےلیے ہم آپ کے بے حد مشکور ہوں گے ۔ آپ کا بہت شکریہ
tajservices99@gmail.com


More Naat Lyrics: