Aasman Gar Tere Talwo Ka Nazara Karta Naat Lyrics in Urdu

 آسماں گر تیرے تلووں کا نظارہ کرتا
روز اِک چاند تصدق میں اُتارا کرتا

طوفِ روضہ ہی پہ چکرائے تھے کچھ ناواقف
میں تو آپے میں نہ تھا اور جو سجدہ کرتا

صرصرِ دشت مدینہ جو کرم فرماتی
کیوں میں افسردگیٔ بخت کی پروا کرتا

چھپ گیا چاند نہ آئی ترے دیدار کی تاب
اور اگر سامنے رہتا بھی تو سجدہ کرتا

یہ وہی ہیں کہ گرو آپ اور ان پر مچلو
الٹی باتوں پہ کہو کون نہ سیدھا کرتا

ہم سے ذَرَّوں کی تو تقدیر ہی چمکا جاتا
مہر فرما کے وہ جس راہ سے نکلا کرتا

دُھوم ذَرَّوں میں اَنَا الشَّمْس کی پڑ جاتی ہے
جس طرف سے ہے گزر چاند ہمارا کرتا

آہ کیا خوب تھا گر حاضرِ دَر ہوتا میں
ان کے سایہ کے تلے چین سے سویا کرتا

شوق و آداب بہم گرم کشاکش رہتے
عشق گم کردہ تو ان عقل سے اُلجھا کرتا

آنکھ اُٹھتی تو میں جھنجھلا کے پَلک سی لیتا
دل بگڑتا تو میں گھبرا کے سنبھالا کرتا

بیخودانہ کبھی سجدہ میں سوئے دَر گرتا
جانب قبلہ کبھی چونک کے پلٹا کرتا

بام تک دل کو کبھی بالِ کبوتر دیتا
خاک پر گر کے کبھی ہائے خدایا کرتا

گاہ مرہم نہیٔ زخم جگر میں رہتا
گاہ نشتر زنیٔ خون تمنا کرتا

ہمرہِ مہر کبھی گردِ خطیرہ پھرتا
سایہ کے ساتھ کبھی خاک پہ لوٹا کرتا

صحبتِ داغِ جگر سے کبھی جی بہلاتا
اُلفتِ دَست و گریباں کا تماشا کرتا

دلِ حیراں کو کبھی ذَوقِ تپش پر لاتا
تپش دِل کو کبھی حوصلہ فرسا کرتا

کبھی خود اپنے تحیر پہ حیراں رہتا
کبھی خود اپنے سمجھنے کو نہ سمجھا کرتا

کبھی کہتا کہ یہ کیا بزم ہے کیسی ہے بہار
کبھی اَندازِ تجاہل سے میں توبہ کرتا

ھی کہتا کہ یہ کیا جوشِ جنوں ہے ظالم
کبھی پھر گر کے تڑپنے کی تمنا کرتا

ستھری ستھری وہ فضا دیکھ کے میں غرقِ گناہ
اپنی آنکھوں میں خود اس بزم میں کھٹکا کرتا

کبھی رحمت کے تصور میں ہنسی آجاتی
پاسِ آداب کبھی ہونٹوں کو بخیہ کرتا

دِل اگر رَنجِ مَعاصی سے بگڑنے لگتا
عفو کا ذِکر سنا کر میں سنبھالا کرتا

یہ مزے خوبیٔ قسمت سے جو پائے ہوتے
سخت دیوانہ تھا گر خلد کی پرواہ کرتا

موت اس دن کو جو پھر نام وطن کا لیتا
خاک اس سر پہ جو اس دَر سے کنارا کرتا

اے حسنؔ قصدِ مدینہ نہیں رونا ہے یہی
اور میں آپ سے کس بات کا شکوہ کرتا



313+ Naat Lyrics in English & Urdu
 پروردگار عالم کے فضل ، کرم اور مہربانی سے ، انسانی طاقت اور بساط کے مطابق  احتیاط کی گئی ہے بشری تقاضے سے اگر کوئی غلطی نظر آئے یا لفظ درست نہ ہوں تو از راہ کرم مطلع فرما دیں۔ ان شاء اللہ عزوجل جلد از جلد میں ٹھیک کر دوں گا۔
 نشاندہی کےلیے ہم آپ کے بے حد مشکور ہوں گے ۔ آپ کا بہت شکریہ
tajservices99@gmail.com


More Naat Lyrics: